راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)کراچی خودکش دھماکے کے بعدراولپنڈی میں چینی اور دیگر غیرملکی باشندوں کی سکیورٹی مزیدفول پروف بنانے کا حکم دے دیاگیا۔سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کی جانب سے تمام ڈویژنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوزکے نام جاری کئے گئے مراسلے میں کہاگیاہے کہ راجہ بازار،کمیٹی چوک ،چاندنی چوک یادیگر علاقوں میں بالوں کاکاروبار یا بغیر سکیورٹی گھوم پھرکر کام کرنے والے چائنیزیا دیگر غیرملکیوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ جن ہوٹلوں میں ان کی رہائش ہے وہاں سیکورٹی یقینی بنائیں ، سیکورٹی کے پیش نظر ان کی رہائش کاایک ہی جگہ بندوبست کیاجائے ،ہوٹل مالکان کو ہدایت کی جائے کہ وہ ان سیکورٹی گارڈز فراہم کریں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے ان کی مانیٹرنگ کی جائے ۔اس بات کویقینی بنایاجائے کہ کوئی غیرملکی یاچینی باشندہ بغیر کسی سکیورٹی کے کسی جگہ موومنٹ نہ کرے۔ سیروتفریح کیلئے آنیوالے غیرملکیوں اور چینیوں کی سکیورٹی کا معقول بندوبست کیاجائے ۔