• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی وزیر سرمایہ کاری اسلام آباد آئیں گے، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونگے

کراچی ( جنگ نیوز) سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیح 2 روزہ دورے پراسلام آباد آئیں گے ۔

 اس دورے میں وہ سعودی عرب کی بڑی نجی کمپنیوں کے ایک وفد کی سربراہی کررہے ہیں اور یہ کمپنیاں اس دورے کے دوران اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے مفاہمت کی یاداشتوں اور بی ٹو بی اجلاسوں پر دستخط کریں گی۔ 10 اور 11 اکتوبر کو ہونے والی ملاقاتیں اور سیشنز اعلیٰ سطح کی ان کوششوں کا حصہ ہیں جو رواں سال کے آغاز سے بی ٹو بی اور حکومت سے حکومت کی سطح پر تعلقات میں اضافے کےلیے جاری ہیں ۔

اعلیٰ سعودی کمپنیاں جو تعمیرات‘انجینئرنگ ‘مالیاتی خدمات، آئی ٹی، سیاحت، زراعت ، غذائی ، توانائی اور پٹرولیم کے سیکٹرز سے ہیں ۔اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک بزنس فورم منعقد کیاجائےگا اور سعودی وزیر سرمایہ کاری اس سے خطاب کریں گے اور پاکستانی نجی شعبے کی سینئر قیادت کے ساتھ رابطے کریں گے۔

 سعودی وزیرسرمایہ کاری پاکستانی اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ بحیثیت وزیر سرمایہ کاری خالدبن عبدالعزیزایک کثیر الشعبہ اور کثیر ماہرین پر مشتمل ٹیم کی قیادت کرتے ہیں جو مملکت میں سرمایہ کاری کے ماحول کی ترقی، قومی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو مختلف اہم اور امید افزا اقتصادی شعبوں میں راغب کرنے، اور سعودی نجی شعبے کی بیرون مملکت سرمایہ کاری کی حمایت کرنے میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرتی ہے۔ 

اس کے علاوہ وہ مملکت میں نجی شعبے کی ترقی کو آگے بڑھانے میں بھی معاون ہیں، جو مملکت کے "وژن 2030" کا ایک اہم ہدف ہے اور مملکت کی قومی معیشت کو متنوع بنانے کی کوششوں میں ایک اہم عامل ہے۔ خالدبن عبدالعزیز25فروری 2020ءسے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری ہیں۔ 

اس سے پہلے وہ مئی 2016 سے ستمبر 2019 تک وزیر توانائی، صنعت اور معدنی وسائل کے عہدے پر فائز رہے، اپریل 2015 سے مئی 2016 تک وزیر صحت رہے، اور اپریل 2015 سے ستمبر 2019 تک سعودی عرب کی آئل کمپنی (سعودی آرامکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رہے۔ 

چیئرمین کے عہدے پر فائز ہونے سے پہلےخالدبن عبدالعزیزکمپنی میں کلیدی قیادت کے عہدوں پر بھی فائز رہے، جن میں جنوری 2009 سے مئی 2015 تک صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے شامل ہیں۔خالدبن عبدالعزیزکو مملکت سعودی عرب کے اہم شعبوں اور اداروں کی اسٹریٹجک تبدیلی کی قیادت کے لیے مستقل طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

ان کی کامیابیاں وسیع کاروباری اقدامات اور صنعتی منصوبوں کی قیادت، اقتصادی اور سماجی پروگراموں کے ذریعے سعودی شہریوں کے فائدے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کی تعمیر، اور پیچیدہ اداروں کی کارکردگی اور اثرات کو بہتر بنانے پر مشتمل ہیں۔کئی برسوں سے، وہ سماجی ترقی اور اقتصادی تنوع کو فروغ دینے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کو استعمال کرنے میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں؛ سعودی عرب کے سرکاری، نجی اور تعلیمی/تحقیقی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون کو فروغ دینے؛ اور نوجوانوں میں سائنس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدانوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

اہم خبریں سے مزید