پشاور(ایجنسیاں/جنگ نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان میں سخت تلخ کلامی ‘ہنگامہ ‘ہاتھاپائی ‘لاتوں اورمکوں کا آزادانہ استعمال‘ارکان گتھم گتھا‘ گیلری میں بیٹھے کارکن بھی باہم دست وگریباں ‘ مکے بازی‘حالات پر قابو پانے کے لیے اسپیکر نے اجلاس 15 منٹ کے لیے معطل کیا‘ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ہنگامہ آرائی کرنے والے 3 افراد کوگرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اپوزیشن ارکان نے اسپیکر سے بات کرنے کا وقت مانگا تھا۔
اپوزیشن ارکان کو بات کرنےکا موقع نہ ملنے پر تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی تک جاپہنچی ۔
اس دوران تحریک انصاف کے نیک محمد اور تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے اقبال وزیر آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، گتھم گتھا ہونے والے دونوں ایم پی ایز کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔