پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ و میزبان مشی خان نے ساتھی فنکار فواد خان کو بھارت میں کام کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر میزبان نے انسٹا اسٹوری شیئر کر کے ہمسفر کے اداکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سات پردوں میں کی اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی آنے والی فلم کی جاری ہونے والی پہلی جھلک کو ری شیئر کرتے ہوئے پاکستانی سُپر اسٹار پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔
مشی خان نے لکھا ہے کہ بڑے ہی افسوس کی بات ہے کہ فواد خان اپنے ملک میں اے لسٹ اداکاراؤں کے ساتھ میگا پراجیکٹس میں کام کرنے سے انکار کر دیتے ہیں اور اب بھارت کی ایک ایسی اداکارہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں جو زیادہ مشہور بھی نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ فواد خان کی 8 برس بعد بالی ووڈ میں واپسی ہو رہی ہے جہاں انہوں نے اداکارہ وانی کپور کے ساتھ نئی فلم ’عبیر گلال‘ کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
فواد خان نے 2014ء میں بالی ووڈ فلم ’خوبصورت‘ سے بھارتی انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔
فلم میں بہترین اداکاری کی بدولت انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔