کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ضلع کچھی کے پولیس کانسٹیبل بھرتی متاثرین ظہیر احمد ، محمد عدنان نےصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کچھی میں پولیس کانسٹیبل بھرتی کی میرٹ لسٹ کو کالعدم قرار دیکر حقیقی کامیاب امیدواروں کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے،یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کچھی میں میرٹ کو پامال کرتے ہوئے میرٹ پر پورا اترنے والے امیدوار کو نظر انداز کرکے ٹیسٹ انٹرویو ، دوڑ میں حصہ نہ لینے والوں کو لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جو اہل امیدواروں کے ساتھ ناانصافی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع کچھی میں پولیس کانسٹیبل کی بھرتیوں میں من پسند لوگوں کو میرٹ لسٹ میں شامل کرکے حقدار اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کو نظر انداز کیا گیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں اپنے حق کیلئے ہر پلیٹ فارم آواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری انتہاء کو پہنچ چکی ہے ، دوسری جانب میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں جسے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے جس کی تمام ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ موجودہ میرٹ لسٹ کو کالعدم قرار دیکر حقیقی کامیاب امیدواروں کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے ۔