• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری ڈرامہ انڈسٹری مذاق بن کر رہ گئی ہے: ایوب کھوسو


پاکستانی باصلاحیت سینیئر اداکار ایوب کھوسو کا کہنا ہے کہ آج کل ڈرامہ انڈسٹری مذاق بن کر رہی گئی ہے، جس میں غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کر لیا گیا ہے۔

حال ہی میں ایوب کھوسو نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔

شو میں انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دورانِ انٹرویو میزبان نے اداکار سے ماضی اور موجود ڈرامہ انڈسٹری کے حالات کے حوالے سے سوال کیا، جس پر اداکار نے جواب دیا کہ آج کل فنکاروں کے ساتھ یہ مذاق بہت ہو رہا ہے کہ وہ سیٹ پر جاتے ہیں لیکن انہیں علم ہی نہیں ہوتا کہ آج کون سا سین کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کر لیا گیا ہے، سیٹ پر موجود ایسوسی ایٹ یا اسسٹنٹ کو صرف یہ معلوم ہوتا ہے کہ آج کتنے سین ریکارڈ کروانے ہیں، انہیں اس بات سے مطلب نہیں ہوتا کہ سین کا معیار کیا ہے یا اس کی ضرورت کیا ہے، انہیں صرف تعداد کی فکر ہوتی ہے۔

ایوب کھوسو نے بتایا کہ ایک بار میں ایک پروڈیوسر کے کمرے میں موجود تھا کہ وہاں اسسٹنٹ آیا اور بتایا کہ ہم نے آج 18 میں سے 15 سین ریکارڈ کر لیے ہیں تو پروڈیوسر کو اس بات کی فکر نہیں تھی کہ جو سین ریکارڈ ہوئے ہیں وہ کیسے اور کن مشکلات کے بعد ریکارڈ ہوئے ہیں، اسے صرف باقی رہ جانے والے سینز کی پرواہ تھی۔

سینئر اداکار نے کہا کہ آج غیر پیشہ ورانہ رویے کے ذمے دار اداکار خود نہیں ہیں بلکہ اب ماحول ایسا بن گیا ہے، بے شک آج بھی اچھا کام کرنے والے موجود ہیں لیکن زیادہ تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو مقدار پر یقین رکھتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید