لندن (جنگ نیوز) برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے ایک کروڑ پاؤنڈز کی منظوری دی ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا ہےکہ پاکستان کے سیلاب متاثرین اور ان کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کیلئےبرطانیہ ہمیشہ سے معاون رہا ہے۔ رواں برس مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں سے 350افراد جاں بحق اور 650سے زائد زخمی ہوئے۔ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف علاقوں میں 78ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے۔ برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمیشن نے کہا برطانوی حکومت کی امداد سیلاب سے شدید متاثرہ 13اضلاع کے افراد کی معاونت کرے گی۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ مون سون کا اختتام ہو چکا مگر بحالی کا آغاز اب ہوا ہے۔ سیلاب نے اس سال پھر پاکستان میں تباہی مچائی اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، برطانوی ہائی کمیشن متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری بحالی کے اقدامات کر رہا ہے۔