فیصل آباد (نمائندہ جنگ) چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے صدر چوہدری شفیق انجم نے کہا ہے کہ چھوٹی صنعتیں پریشان ہیں، پیچیدہ ٹیکس نظام سادہ بنایا جائے حکومت اپوزیشن کے جائز تحفظات دور کرے ،اپوزیشن مسائل سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ میں لائے ملک کو موجودہ سیاسی عدم استحکام سے نکال کر فوری طور پر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ملکی ترقی کرنی کے لئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے آسان شرائط اور کم از کم مارک اپ پر قرضے فراہم کیے جائیں، جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں سپورٹ کیا جائے اور پیچیدہ ٹیکس نظام کو سادہ بنایا جائے تاکہ یہ چھوٹے کاروباری ادارے اپنے قدم مضبوطی سے جما سکیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ چوہدری شفیق نے کہا حکومت اور اپوزیشن کو وقتی سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینی چاہیے ،حکومت اپوزیشن کے جائز تحفظات کو دور کرے اور انہیں پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرے،اپوزیشن سنگین معاشی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی مسائل سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ میں حل کرنے کو ترجیح دے،سیاسی غیر یقینی کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔