لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف)تعلیم انسانی معاشرے کا حسن ،قوموں کی ترقی اور زوال میں تعلیم کے حصول کا اہم ترین کردار ہے، تعلیم ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے چاہے وہ امیر ہو یا غریب، مرد ہو یا عورت،دیکھا جائے تو انسان اور حیوان میں فرق تعلیم ہی کی بدولت ہے، تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف سکول، کالج یونیورسٹی سے کوئی ڈگری لینا نہیں بلکہ اس کے ساتھ تمیز اور تہذیب سیکھنا بھی شامل ہے تاکہ انسان اپنی معاشرتی روایات اور اقدار کا خیال رکھ سکے۔ تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کا کردار سنوارتی ہے دنیا میں اگر ہر چیز دیکھی جائے تو وہ بانٹنے سے گھٹتی ہے مگر تعلیم ایک ایسی دولت ہے جو بانٹنے سے گھٹتی نہیں بلکہ بڑھ جاتی ہے اور انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ تعلیم کی وجہ سے دیا گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار ماہرین نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز)، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈز کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار میں کیا جس کا عنوان تھا ’’اقراء ‘‘۔۔پڑھ اپنے رب کے نام سے جس نے خلق کیا۔۔سیمینار سے خطاب کرنے والوںمیں صدر لاہور چیمبر میاں ابو ذرشادسینئر صحافی ،نویدچوہدری،ایڈیشنل سیکرٹری لاہور بورڈرضوان نصیر،نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مفتی ا نتخاب احمد نوری، جسٹس(ر) ناصرہ جاوید،سابق وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم ،سینئر تجزیہ نگارقیوم نظامی،سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخار ی ،ڈ اکٹر ظہیر اختر،ذوالفقار احمد،خالد عثمان،عامر علی،روبا ہمایوں اورچیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی شامل تھے۔