• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسدادِ انسانی اسمگلنگ ایکشن پلان پر بین الوزارتی مشاورتی ورکشاپ

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) انسدادِ انسانی اسمگلنگ ایکشن پلان 2024- 2025 پر جمعہ کو ایف آئی اے اکیڈمی میں بین الوزارتی مشاورتی ورکشاپ منعقد ہوئی ۔وزارتِ داخلہ اور ایف آئی اے کی جانب سے منعقد ہ ورکشاپ میں مختلف حکومتی محکموں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ ورکشاپ کا مقصد ملک میں انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ کے خلاف حکمت عملی کا جائزہ لے کر اس کو مزید بہتر بنانا تھا ۔ سپیشل سیکرٹری، وزارتِ داخلہ وقاص محمود اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، لاء ونگ، ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز محمد جعفر نے اظہار خیال کیا ۔وزارتِ خارجہ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (یو ایس اے) محمد حمزہ نے پاکستان کی ٹیر رینکنگ اور امریکی محکمہ خارجہ کی ہیومن ٹریفکنگ پر رپورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی 2024ٹریفکنگ ان پرسنز رپورٹ میں اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لئے پریزینٹیشن دی گئیں۔ یو این او ڈی سی کی محترمہ شاہدہ گیلانی نے بین الاقوامی تنظیموں کے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کردار پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی ہیومن سمگلنگ ونگ ایف آئی اے، ثاقب سلطان المحمود کی زیرنگرانی انسدادِ انسانی اسمگلنگ ایکشن پلان کے تحت کمیٹیوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور 2024- 2025 کے اہداف پر بات کی گئی۔
اسلام آباد سے مزید