ویانا (اکرم باجوہ) 12اکتوبر 1999کو پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کو پاکستان میں ترقی کی راہ پر گامزن دیکھ کر ایک سازش کے تحت مارشل لاء لگایا گیا اور ایک دو تہائی اکثریت والے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو زبردستی جیل میں ڈال دیا گیا۔یہ بات مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت ویانا نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےکہی ۔چوہدری شرافت نے مزید کہا کہاگرمیاں محمد نواز شریف کی حکومت کو سازش کے تحت نہ اتارا جاتا تو آج پاکستان کے حالات کا منظر بہت مختلف ہوتا اور پاکستان آج ایشیاء میں ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے ہوتا۔ میاں محمد نواز شریف نے ملک پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا میاں محمد نواز شریف کو ایٹمی قوت بنانے کی سزا دی گئی اور سازش کے تحت ان کی حکومت ختم کی گئی۔پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد نواز وڑائچ نے کہا کہ جب بھی پاکستان کسی بحران میں پھنس جاتا ہے تو تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن آگے آتی ہے اورملک پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کیا جاتا ہے تو پاکستان کئی دھائیاں پیچھے چلا جاتا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے اتحادیوں سے مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مصروف عمل ہے ۔