کراچی (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 2 کروڑ 26 لاکھ 72 ہزار روپے طلب کر لیے گئے ۔اس ضمن میں چیف انجینئر بلڈنگز کراچی کا سیکرٹری محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو خط لکھ کر رقم کی فراہمی کی گزارش کی گئی ہے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیراعلی سندھ کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 4کروڑ 38لاکھ 35ہزار روپے مختص تھے تاہم رواں مالی سال اس کیلئے 2 کروڑ 26 لاکھ 72 ہزار روپے منظور کیے گئے۔ سرکاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کا کام کنٹریکٹر نے پہلے ہی شروع کر دیا ہے، گزشتہ مالی سال ہیلی کاپٹر کی مرمت کی ہدایت کی گئی تھی، اب کام تقریبا مکمل ہو چکا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹرز کو تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی، رواں مالی سال فنڈ جاری نہیں کیے گئے۔ سرکاری مراسلے میں چیف انجینئر نے سیکرٹری ورکس سے استدعا کی ہے کہ اعلی حکام سے رابطہ کر کے رقم جاری کرائیں تاکہ کنٹریکٹر کو ادائیگی کی جا سکے۔مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹر کو ادائیگی کی جائے گی تاکہ ہیلی کاپٹر وزیرِ اعلی کے استعمال میں لایا جا سکے۔