کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے صوبائی مشیر برائے لائیوا سٹاک اور فشریز سید نجمی عالم نے گزشتہ روز ہاکس بے کے سومار گوٹھ میں رجسٹرڈ ماہی گیروں میں 180 مچھی مار جال اور 145 آئس باکس تقسیم کیے ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی لیاقت آسکانی، ٹاؤن چیئرمین ہمایوں خان، یوسی چیئرمین مبارک سنگھ اور مبارک ولیج کے سرفراز خان اور سومار ولیج کے محمد اسحاق کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈاکٹر علی محمد مستوئی اور ڈائریکٹر میرین فشریز ڈاکٹر عاصم کریم موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی مشیر سید نجمی عالم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 سال کے بعد ہم نے پارٹی قیادت کے حکم پر ان مذکورہ گوٹھوں کے ماہی گیروں کی دیکھ بھال کی ہے۔ ہم بلاول بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سندھ کے ماہی گیروں کو ملنے والی ایسی سہولتوں کے ثمرات ماہی گیروں کے خاندانوں تک پہنچائیں گے۔ سید نجمی عالم نے کہا کہ ہم جلد سندھ کے ماہی گیروں کو مزدور کا درجہ دیں گے اور انہیں لیبر سے متعلق تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔ اس موقع پر سومار گوٹھ کے علاوہ مبارک گوٹھ، منجھارار گوٹھ اور سنہرا گوٹھ کے ماہی گیروں نے بھی شرکت کی۔