• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کی اسرائیلی دفاع کے لیے فوج اور دفاعی میزائل نظام بھیجنے کی تصدیق

کراچی(نیوزڈیسک) امریکا نے اسرائیلی دفاع کیلئے فوج اور دفاعی میزائل نظام بھیجنے کی تصدیق، پینٹاگون کے مطابق جدید دفاعی میزائل سسٹم تھاڈ اور اسے چلانے کیلئے فوجی عملہ بھی اسرائیل میں تعینات کیا جائیگا، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، اپنے دفاع کیلئے کوئی سرخ لکیر نہیں ہے، جنگ کیلئے پوری طرح تیار ہیں، لیکن جنگ نہیں امن چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور امریکا نے ایران پر ممکنہ حملے اور جوابی کارروائی کیخلاف مشترکہ تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق پینٹاگون نے اسرائیل میں دفاعی میزائل سسٹم اور امریکی فوجی اہلکار بھیجنے کی تصدیق کردی۔ خبر ایجنسی کے مطابق جدید دفاعی میزائل سسٹم تھاڈ اور اسے چلانے کیلئے فوجی عملہ بھی اسرائیل میں تعینات کیا جائے گا ۔ پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر THAAD بیٹری کی تعیناتی کی اجازت دی۔ انہوں نے بتایا کہ اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کی تعیناتی ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی فضائی دفاع کی مضبوطی کیلئے ہے۔ اسرائیلی اور امریکی میڈیا نے امریکی اینٹی میزائل سسٹم اور امریکی فوج اسرائیل بھیجنے کی خبر دی تھی۔ دوسری جانب بغداد میں عراقی ہم منصب فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران نے حالیہ دنوں میں خطے کو بڑی جنگ سے بچانے کی بھرپور کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بالکل واضح ہے کہ اپنے عوام اور مفادات کے دفاع کیلئے ایران کی کوئی سرخ لکیریں نہیں۔ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران جنگی صورتحال کیلئے پوری طرح تیار ہے لیکن ایران جنگ نہیں امن چاہتا ہے۔ ایران خطے میں تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بات چیت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران غزہ اور لبنان میں جنگ بندی اور امن کیلئے کام جاری رکھے گا۔

دنیا بھر سے سے مزید