کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا کہ اگر ہمیں ایس سی او کیخلاف احتجاج کرنا ہوتا تو مہینہ پہلے کال دیتے حکومت بانی سے ملاقات نہیں کرواتی تو احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ، ایس سی او کی اگر حکومت کو فکر ہے تو عمران خان تک رسائی کیوں نہیں دے دیتے، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی شفقت اعوان اور خواجہ شیراز نے کہا کہ ہمیں فسطائیت کا سامنا ہے ، ترمیم میں ووٹ ڈالیں گے اور نہ ہی بکیں گے ، پروگرام میں کرکٹ ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ یہ اچھی چیز ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا کہ پارٹی کیلئے عمران خاں کی صحت اہم ہے اور ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ پارٹی لیڈر شپ احتجاج پر متفق نہ ہوں۔جب سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہوتی ہیں تو اسکی جعلی لیکس ایک منظم پروپیگنڈے کے تحت شائع کروائی جاتی ہیں اور جہاں سے یہ سب ہو رہا ہے ہمیں اندازہ ہے۔اور میں سمجھتا ہوں یہ غلط رپورٹ ہوا ہے۔ کچھ میڈیا ہاؤسز کی طرف سے میں بصد احترام سمجھتا ہوں یہ غلط رپورٹ ہوا ہے۔ ایک جلسہ موخر کرنے کیلئے جیل صبح سات بجے کھل سکتی ہے آج ایس سی او ہو رہا ہے چھ ہفتے سے سیاسی لوگ نہیں ملے ہیں اندر سے عجیب عجیب خبریں آرہی ہیں اور ان کی بہنوں اور ڈاکٹر کو نہیں ملنے دیا جارہا ہے جو لوگ باہر سے آرہے ہیں کیا وہ یہ چیزیں نہیں دیکھیں گے۔ پی ٹی آئی ایم این اے ملک شفقت اعوان نے کہا کہ ہم سے الٹے سیدھے بیان نہ دلوائیں اور ہم سے ووٹ دلوانے کی کوشش نہ کریں ہم سب غیر آئینی ترمیم نہیں آنے دیں گے ۔