• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی دیکھ بھال کی کوششیں

فوٹو: الجزیرہ
فوٹو: الجزیرہ

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شہید ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حملوں میں اسپتالوں کی عمارتوں کو بھی نقضان پہنچا ہے، جبکہ صہیونی فورسز نے دھمکی دی تھی کہ غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ساتھ بھی وہی کچھ ہوگا جو الشفاء اسپتال کے ساتھ ہوا تھا۔

اس صورتحال کے پیش نظر غزہ کے محکمہ صحت نے کمال عدوان اسپتال میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام کرنے کی کوششیں شروع کردی تھیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو جبالیا کے کمال عدوان اسپتال سے نکال کر غزہ شہر کے پیٹینٹ فرینڈز ایسوسی ایشن اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی دیکھ بھال جاری ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں بمباری کے دوران 8 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، اسرائیلی طیاروں نے جبالیا کیمپ میں پناہ گزین اسکول پر بھی بمباری کی۔

لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کی بمباری میں 21 افراد شہید اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 42,289 فلسطینی شہید اور 98,684 زخمی ہوچکے ہیں۔

7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں کم از کم 1,139 افراد مارے گئے تھے اور 200 سے زائد افراد کو قیدی بنا لیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید