• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہر طبقے کیلئے روشنی کا مینار ہے، مفتی عبدالمجید ندیم

برمنگھم (پ ر) انسانیت کے بھٹکتے ہو ئے قافلے اسوۂ محمدیﷺ کی روشنی میں ہی اپنی منزل مراد کو پہنچ سکتے ہیں۔ نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ زندگی کے ہر طبقے کیلئے روشنی کا مینار ہے۔ آپﷺ کی ساری زندگی جامعیت اور اکملیت کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ وقت آگیا ہے کہ مسلمان مغربی دنیا کو انہی کی زبانوں میں نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ سے روشناس کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈزورتھ اسلامک سنٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نبی اکرم ﷺ ابھی 12برس کے تھے کہ آپﷺ نے اپنے چچا کے ساتھ شام کا سفر کیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کامیابی کیلئے بیرونی دنیا سے رابطہ اور وہاں کے رسم و رواج کو جاننا ازحد ضروری ہے۔ نئی نسل کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ وہ دوسرے ممالک کی تہذیب، رہن سہن اور ترقی کی وجوہات کو جا ننے کی کوشش کریں اس لیے کہ آج دنیا ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے۔ اس حوالے سے جس طرح حضور ﷺ کے چچا نے ان کی حوصلہ افزائی کی ہمارے بزرگوں کو بھی نئی نسل کی ہمت افزائی کرنی چاہئے۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا کہ شام کے راہب بحیرا نے نبی اکرم ﷺ کے معجزات اور انجیل مقدس میں پائی جانے والی نشانیوں کو دیکھ صاف الفاظ میں پہچان لیا کہ یہی وہ نبی آخرالزمانﷺ ہیں جن کی خوشخبری کتب مقدس میں دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس زمانے کے سچے اہل کتاب نبی اکرم ﷺ پر ایمان لا کر اسلام میں داخل ہو گئے۔ انہوں نے علمائے کرام، مشائخ عظام اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ یورپ کے مذہبی طبقات کو نبی اکرم ﷺ کی سیرت کے اس پہلو کے بارے میں خاص طور پر آگاہ کریں تاکہ مذہبی شخصیات کے احترام کو یقینی بنانے میں ان کا عملی تعاون حاصل ہوسکے۔

یورپ سے سے مزید