لندن(پ ر) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد وفد کے ہمراہ لبنان روانہ ہوگئے۔ وہ بیروت پہنچ کر جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ المصطفیٰ گزشتہ ایک سال سے غزہ میں امدادی کاموں میں مصروف ہے، لبنان میں جنگ شروع ہونے کے بعد المصطفیٰ نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے، لبنان میں جنگ بہت بڑا انسانی المیہ ہے، لبنان میں خوفناک بمباری ہورہی ہے جس کی وجہ سے دس لاکھ سے زائد آبادی بے گھر ہوچکی ہے، ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہیں، المصطفیٰ برطانیہ میں مسلمان کمیونٹی کے تعاون سے لبنان کے جنگ متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ، خیمے، غذائی امداد، پینے کا صاف پانی، زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے سمیت دیگر امدادی منصوبے شروع کرے گی۔ المصطفیٰ کے چیئرمین امدادی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے۔برطانیہ میں مساجد، خیراتی اداروں اور مخیر افراد سے اپیل ہے کہ وہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ سے مالی تعاون کریں تاکہ لبنان کے جنگ متاثرین تک بروقت امدادی سامان کی فراہمی ممکن ہو۔ لبنان ایمرجنسی اپیل کے تحت فیملی فوڈ پیک، ایمرجنسی ریلیف پیک، میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔