• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرم اور جنوبی اضلاع میں امن کی ابترصورتحال‘ وکلاء آج عدالتی بائیکاٹ کرینگے

پشاور (نیوزرپورٹر) خیبرپختونخوا بار کونسل نے ضلع کرم اور جنوبی اضلاع میں امن وامان کی ابترصورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آج پورے صوبے میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ بارکونسل نے امن وامان کی مخدوش صورتحال کو قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی ناکامی قرار دیا ہے۔ بار کونسل کے وائس چیئرمین صادق علی مومند اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی تیمور علی شاہ نے کہا کہ کرم میں نہتے عوام پر دہشتگردانہ حملہ بزدلانہ فعل ہے۔ انہوں نے حملے میں پشاور ہائیکورٹ بار کے سابق جائنٹ سیکرٹری نور ولی مقبل کے خاندان کے افراد کی جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ بنوں پولیس لائن پر حملے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزلانہ فعل قرار دیا اور کہا کہ صوبے میں دہشت گرد حملے صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی نااہلی ہے۔ صوبائی حکومت اور سیکورٹی ادارے اپنے فرائض میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ وہ محض احتجاج اور سیاسی کھینچاطانیوں میں مصروف ہیں جسکی وجہ سے صوبہ براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔ کے پی بار کونسل نے خبر دار کیا کہ صوبائی حکومت ، آئی جی اور چیف سیکرٹری کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں ۔ایک ہفتے کے اندر حالات فوری طور پر ٹھیک کریں ورنہ صوبے کے وکلاء برادری راست اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
پشاور سے مزید