پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور لاہوری گیٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ناظم کوگھر کی دہلیز پر فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ تھانہ رحمان بابا کے علاقے سے جواں سالہ شخص کی قتل شدہ نعش برآمد کرلی گئی ہے ۔ پولیس نے دونوں کی نعشیں پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ تھانہ گلبہار پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے زیارت گل ولد حاجی تاج محمد ساکن محلہ اسلام آباد نے بتایاکہ اس کا بیٹا شاہد گل رات کے وقت گھر کے قریب موجود تھا اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے آکر اس پر فائرنگ کی جس پر وہ سر پر گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے بتایاکہ انکی کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ۔ورثاءنے بتایاکہ زیارت گل یونین کونسل 13کا ناظم تھا جبکہ وہ موٹرسائیکلوں کیساتھ ساتھ پراپرٹی کا کاروبار بھی کرتا تھا تاہم ان کا کسی کیساتھ کوئی تنازعہ نہیں تھا۔ انکے والد کے مطابق شاہد گل نے رات کے وقت انکے ساتھ کھانا بھی کھایا ،11سے ساڑھے 11بجے کے درمیان وہ گھر سے باہر نکلے اس دوران فائرنگ کی آواز سنی، وہ گھر سے باہر نکلے تو شاہد کی خون میں لت پت نعش پڑی تھی۔ورثاءکے مطابق مقتول علاقے میں آئس و منشیات کیخلاف بھی متحرک تھا اورلوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہا تھاجبکہ پولیس نے بتایاکہ مقتول کو ایک گولی لگی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی چھان بین شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر ہزار خوانی نزد باڑہ خوڑسے جواں سالہ لڑکے نعش برآمد کرلی گئی ہے جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے ۔ پولیس نے بتایاکہ مقتول شکل سے نشے کا عادی معلوم ہورہا ہے تھا جس کی شناخت نہ ہوسکی جس کی نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی۔