کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس کے اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل(اے وی سی سی) نے مبینہ طور پر کراچی و دیگر صوبوں کے معصوم لوگوں کو شادی کاجھانسہ دےکر ہنی ٹریپ کرکے کشمور،کندھ کوٹ، شکارپور اورگھوٹکی میں کچے کے ڈاکووٗں کے سپرد کرنے والی اہم سہولت کار ملزمہ کوکراچی سے گرفتار کرلیا،ترجمان اے وی سی سی کے مطابق سہراب گوٹھ میں کارروائی کے دوران اندرون سندھ کے کچے کے ڈاکووٗں کی سہولت کار مرکزی ملزمہ مسماۃ تانیہ عرف حنا خان عرف حنا بلوچ کو گرفتار کرلیاجس کے قبضہ سے ایک سم برآمد ہوئی جو ہنی ٹریپ میں استعمال ہوتی ہے جوکہ TCS کے ذریعے اس ملزمہ کو کشمور سے کراچی بھیجی گئی تھی ۔ گرفتار ملزمہ خودکوکچے کے ڈاکووٗں کے سربراہ بڈیل خان شر کی بیوی بتاتی ہے۔گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ کراچی و دیگر صوبوں کے شہریوں کو شادی کے جھانسہ دیکرکشمور،کندھ کوٹ، شکارپور اور گھوٹکی میں بلاتی ہے جہاں سے اغواہ کار ان شہریوں کوکچے کے علاقہ میں لے کرچلے جاتے ہیں اور پھر ان مغویوں پر تشدد کرتے ہوئے انکی ویڈیوز بناکر انکےلواحقین کو بھیجتے تھے اور مغویوں کی رہائی کے عوض بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔