کراچی(سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بیالوجیکل سائنسز ( آئی سی سی بی ایس) اور ایچ ای جے جامعہ کراچی کے مستقل ڈائریکٹر کے انتخاب کے لیے سلیکشن بورڈ کا انعقادہوا جس میں تین امیدواروں کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں 8 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے جبکہ دو امیدوار پروفیسر فرزانہ شاہین اور پروفیسر شبانہ سمجی نے سلیکشن بورڈ میں اپنے وکیل کا لیگل نوٹس دیا کہ یہ سلیکشن بورڈ قانونی نہیں ہے اور وہ دونوں خاتون امیدوار انٹرویو دیئے بغیر چلی گئیں۔ تاہم سلیکشن بورڈ نے اپنی کارروائی جاری رکھی اور تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا جن میں سے ایک امیدوار کا تعلق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے ہے جبکہ دو دیگر امیدوار بیرون جامعہ کراچی سے تعلق رکھتے ہیں۔ سلیکشن بورڈ میں جن اراکین نے شرکت کی ان میں شعیب صدیقی، ڈین سائنسز ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، نادرہ پنجوانی، عزیز جمال، ڈاکٹر محمد اشرف، ڈاکٹر شاہد پرویز شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ تین نام انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بیالوجیکل سائنسز ( آئی سی سی بی ایس) کے ایگزیکٹو بورڈ میں جائیں گے جہاں حتمی امیدوار کا انتخاب ہوگا۔ یاد رہے کہ ایچ ای جے اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بیالوجیکل سائنسز ( آئی سی سی بی ایس) میں 66 برس بعد سلیکشن بورڈ کا انعقاد ہوا ہے ان برسوں میں صرف تین امیدوار ہی مستقل ڈائریکٹر تعینات رہے جن میں ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی، ڈاکٹر عطاالرحمان اور ڈاکٹر اقبال چوہدری شامل ہیں۔