بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان کے مشیر سید فیروز عالم شاہ کا کہنا ہے کہ شنگھائی کوآپریشن تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس پاکستان کی معاشی تقدیر بدل سکتا ہے۔
روزنامہ جنگ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے رکن ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو فعال کر لے تو پاکستان کی برآمدات میں ڈرامائی ترقی ہو سکتی ہے۔
سید فیروز شاہ نے کہا کہ بہت سے رکن ممالک کی طرح خواہش ہے کہ شنگھائی کوآپریشن تنظیم میں جاپان کی شمولیت بھی ہو سکے، کیونکہ جاپان دنیا کی تیسری بڑی معیشت رکھنے والا ایشیائی ملک ہے اور جاپان اس تنظیم میں شامل ہو جاتا ہے تو پاکستان کو بھی اس سے بہت زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت اتنی زیادہ نہیں ہے جتنی دنیا کی تیسری بڑی معیشت رکھنے والے ملک کے ساتھ ہونی چاہیے جس میں اضافے کے لیے جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ کافی محنت کر رہے ہیں، تاہم امید ہے کہ اگلے چند برسوں میں پاک جاپان تجارت میں بھاری اضافہ ہو سکے گا۔
مشیرِ بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان کا کہنا ہے کہ ماضی میں جس طرح یاماہا کو پاکستان لے گیا تھا، اب کئی مزید جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راضی کرنے کے مشن پر جاپان یا ہوں، جہاں سفیرِ پاکستان سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کوششوں پر گفتگو ہو گی۔