برسلز( حافظ اُنیب راشد ) کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارت کی طرف سے کینیڈا اور امریکہ میں دہشت گردی کی وارداتوں اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے کی سازشوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ خاص طور پر کینیڈا کی حکومت کی طرف سے بھارت کے دہشت گردانہ عزائم کو بے نقاب کیا گیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی حکومت سفاکانہ طریقوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے بیرون ممالک دہشت گردی کی وارداتیں انجام دیتی ہے اور اپنے سیاسی مخالفین کو راستے سے ہٹانے کے لیے انتہائی ظلم و ستم اختیار کرتی ہے۔ اس سلسلے میں اسے دوسرے ملکوں کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کوئی پرواہ نہیں۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہم کینیڈا کی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہیں جس نے اپنے ملک میں بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے آشکار کیا ہے۔ یہ ایک جرأت مندانہ قدم ہے جو دیگر ممالک کے لیے بھی ایک مثال بننا چاہیے کہ وہ بھارت کے ان غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھائیں۔ بھارت کو دہشت گردی سے روکا جائے اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کا احترام کرنے پر مجبور کیا جائے تاکہ عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ بھارت کی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر اوراپنے ملک (بھارت) کے مختلف حصوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کو فروغ دے کر اور ریاستی طاقت کا استعمال کر کے خطے کے امن کو برباد کر رہی ہے اور کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی وارداتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اب بھارتی شدت پسندی اور دہشت گردی سرحدوں سے باہر پھیل چکی ہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ یہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے بلکہ وہ دیگر ممالک میں بھی بے دریغ دہشت گردی کررہا ہے جو بین الاقوامی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ عالمی برادری بھارت پر پابندیاں عائد کرے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اس طرح کے سفاکانہ اور ظالمانہ کاروائیوں سے گریز کرے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھی ظلم و ستم بند کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947 کو اپنی فوجیں سری نگر بھیجی تھیں اور اس وقت سے ابتک بھارت فوجی طاقت کے ذریعے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غیرقانونی قابض ہے۔ مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیابھر میں کشمیری اس بھارتی قبضے کے خلاف ہرسال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں۔ کشمیرکونسل ای یو پچھلے سال کی طرح اس بار بھی 27 اکتوبر کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہربھرپور احتجاجی مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرکونسل ای یو عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس صورتحال میں مداخلت کریں۔ بھارت کے مظالم کو روکنے اور کشمیری عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے مجبور کریں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ ہموار کریں۔