• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہڈیوں کا بھر بھراپن سنگین بیماری، دودھ، دہی کا استعمال، ورزش انتہائی ضروری،میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف) ہڈیوں کا بھر بھرا پن (آسٹیوپوروسس) ایک سنگین بیماری ہے اس سے بچائو کیلئےدودھ دہی کا استعمال اور ورزش انتہائی ضروری ہے۔ اس مسئلے میں ہڈیوں کی لچک میں کمی آ جاتی ہے اور وہ بھربھرے پن کی وجہ سے کمزور ہو جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اور نبی قاسم انڈسٹریز کے زیر اہتمام ’’ہڈیوں کے بھربھرے پن کا عالمی یوم‘‘ کے موقع پر آگاہی سیمینار میں کیا۔ حرف آغاز پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے کیا۔ سپیکر و گیسٹ آف آنرز میں پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود، پروفیسر محمد حنیف میاں، ڈاکٹر ہمایوں افتخار، پروفیسر ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری پروفیسر ڈاکٹر قاضی سعید، ڈاکٹر شفقت وسیم، ڈاکٹر طارق صدیق شامل تھے۔ حرف تشکر ڈاکٹر ابوبکر صدیق نے ادا کیا۔ میزبانی کے فرائض محمد واصف ناگی چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی نے سرانجام دیئے۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق سہیل نے کہا کہ ہڈی ایک زندہ ٹشو ہے جو مستقل طور پر بنتی رہتی ہے اور پرانے حصے ختم ہوتے رہتے ہیں یہ قدرتی عمل ہے ہمیں اپنی حفاظت خود کرنی ہے اور خود کو اس بیماری سے بچانا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر قاضی سعید نے کہا کہ اس مرض سے بچائو کے لئے ہمارے بچے جتنا زیادہ دودھ اور دہی استعمال کریں گے ان کی ہڈیاں اتنی ہی مضبوط ہوں گی۔ متوازن غذا کا استعمال ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری نے کہا کہ آسٹوپورسس خاموشی سے مارنے والی بیماری ہے۔ DXA سکین کی مدد سے ہم آسٹیوپورسس کا کسی بھی کلینک سے ٹیسٹ کروا سکتے ہیں اور اگر ٹیسٹ کے بعد یہ بیماری پائی جاتی ہے تو فوراً ڈاکٹر سے مشورہ کر کے علاج کروائیں۔

ملک بھر سے سے مزید