• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیٹ بینک اسلامی بینکاری کی ترقی کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے، جمیل احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک پاکستان میں اسلامی بینکاری کی ترقی کی حمایت کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے، بینک اسلامی کا انسانیت کو سود سے بچانےکا وژن تمام لوگوں کو بینکاری میں شامل کرنے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینک اسلامی کی جانب سے موہٹہ پیلس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن سمیت بینکنگ انڈسٹری کے سربراہان ، پبلک سیکٹر اور دیگر صنعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے ممتاز اسلامی مالیاتی اداروں میں سے ایک بینک اسلامی نے ایک اہم اقدام کا آغاز کیا ہے جسکے تحت مختلف پس منظر اور عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کو سود سے پاک بینکاری خدمات فراہم کی جائیں گی، یہ اقدام بینک اسلامی کے اُس مشن کی عکاسی کرتا ہے جسکا مقصد شریعت کے مطابق، شفافیت، اخلاقیات اور شمولیت پر مبنی مالی حل فراہم کرنا اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر، جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا ” اسٹیٹ بینک ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتا ہے جہاں اسلامی فنانس کے ذریعے ترقی کو فروغ ملے اور سب کو فائدہ پہنچے۔ ہمارا مقصد ایک منصفانہ اور جدید مالیاتی نظام قائم کرنا ہے جو کسی بھی پس منظر یا مالی حیثیت سے بالاتر ہوکر سب کیلئے دستیاب ہو۔ بینک اسلامی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضوان عطا نے کہا یہ اقدام قائد اعظم محمد علی جناح کےوژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے جس میں تمام لوگوں کیلئے مساوی حقوق اور سب کیلئے مواقع یقینی بنائے گئے ہیں ۔ سود سے پاک حل فراہم کر کے ہم اس شعبے میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد ایک ایسا نظام تشکیل دینا ہے جہاں ہر شہری مالی استحکام حاصل کرنے کیلئے بااختیار محسوس کرے۔ بینک اسلامی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران حلیم شیخ نے کہا اسلامی بینکاری ناصرف مسلمانوں بلکہ اُن تمام افراد کیلئے ہے جو شفاف بینکاری پر یقین رکھتے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید