اسلام آباد (جنگ رپورٹر)پی ٹی آئی کے سینیٹر، حامد خان ایڈوکیٹ اورسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر، عابدایس زبیری نے کہاہے کہ ہم سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ،مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کے سوا کسی جج کو بھی بطور چیف جسٹس قبول نہیں کرینگے،اس حوالہ سے جلد ہی وکلاء کی ایکشن کمیٹی بنا رہے ہیں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ حکم کیخلاف ورزی کی توقبر تک پیچھا کرینگے ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،حامد خان نے کہاکہ حکومت کا آئینی پیکیج ہمیں کسی صورت قبول نہیں،ہر بار ایسوسی ایشن کو اس کا مسودہ بھیجا جائے اور ایک مہینے کے اندر اس کا جواب لیا جائے،ابھی تک جو ترامیم کی گئی ہیں، کسی کو نہیں پتا کیا ہیں۔