• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

12 جولائی کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا، 8 ججز کی پھر وضاحت

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کے اکثریتی 8 ججز نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کر دی ہے۔ 

اکثریتی ججز کے مطابق الیکشن کمیشن کو 12جولائی کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا،تمام قانونی و آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا، مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں، الیکشن ایکٹ کا ماضی سے اطلاق کرکے فیصلہ بے اثر نہیں کیا جاسکتا۔

 مختصر حکمنامے کے بعد الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ 

اکثریتی ججز کا کہنا ہے کہ مختصر حکمنامے میں انتخاب کنندگان کے حق کو سیاسی جماعتوں کے ذریعے نافذ کرنےکیلئے ریلیف دیا، چونکہ کمیشن اور پی ٹی آئی دونوں نے دوسری وضاحت طلب کی ہے، ہم صرف واضح کرنا اور قانون کی اچھی طرح سے طے شدہ تشریح کو دہرانا چاہتے ہیں۔

اکثریتی ججز کے مطابق الیکشن ایکٹ میں کی جانےوالی ترمیم کا اثر ہمارے فیصلےکو ماضی میں لاگو کرنے کی اجازت نہیں دیتا، رجوع کا حق اس لیے دیا تھا کہ مختصر حکمنامے پر عملدرآمد میں کوئی پریشانی نہ ہو، اب تفصیلی فیصلہ جاری ہو چکا ہے۔

لہٰذا اب کسی وضاحت کی ضرورت نہیں رہی، تفصیلی فیصلے میں تمام تر قانونی و آئینی نکات کا احاطہ کردیا گیا ہے۔

اکثریتی ججز کا کہنا ہےکہ ہم تفصیلی وجوہات جاری کرنے سے پہلے وضاحت جاری کر چکے ہیں، مختصر حکمنامے کے مطابق جاری پہلی وضاحت کو بھی ہماری تفصیلی وجوہات میں شامل کر لیا گیا تھا۔

 مختصر حکمنامے میں وضاحت طلب کرنےکا اختیار عبوری سہولت تھی، جب تک تفصیلی وجوہات نہ دی جائیں، تفصیلی وجوہات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔ججز کا کہنا ہے کہ فریقین کی طرف سے اٹھائے گئے تمام قانونی اور آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا گیا ہے، جوابات دیے گئے ہیں۔

 لہٰذا مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت کے فیصلے کا آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت لازم نفاذ ہے اور اسے نافذ کیا جانا چاہیے تھا۔

اہم خبریں سے مزید