کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کی ذیلی کمیٹی نے بندر روڈ، کراچی پر پارکنگ کا ٹھیکہ مسلسل ایک ہی شخص کے پاس رہنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آخر ایک ہی پارٹی ہر دفعہ نیلامی میں کیسے جیت جاتی ہے ؟ کمیٹی نے کراچی کی تمام ریلوے پار کنگز کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں ۔ جنرل منیجر (جی ایم) ریلوے نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ لانڈھی ، کیماڑی ،کراچی سٹی اور کالا پل کے قریب قائم تجاوزات ختم کی جائیں۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو کنوینر رمیش لال کی صدارت میں ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی وسیم قادر نے بھی شر کت کی۔ پاکستان ریلوے کے اعلامیے مطابق جی ایم نے ایم ایل ون پر بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے پر پہلے کام کراچی تا ملتان سیکٹر پر ہو گا، جب کہ پہلے پیکج میں بھی کراچی تا حیدر آباد 187 کلو میٹر کے ٹریک پر کام کیا جائے گا، چینی حکومت نے ایم ایل ون کا ڈیزائن ہمیں دے دیا ہے، جس کے تحت تمام فینسنگ کی جائے گی، 187 کلو میٹر حصے پر نئی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی ۔