قاہرہ کے نواح میں واقع گیزا کے عظیم اہرام (ہرم اکبر) کے اوپر ایک دلچسپ منظر نظر آیا، جہاں ایک آوارہ کتا 138 اعشاریہ 5 میٹر بلند اہرام کی چوٹی پر بیٹھا پرندوں پر بھونک رہا تھا۔
یہ منظر 14 اکتوبر کو اس وقت پیش آیا جب معروف "پرو ایڈونچر ایتھلیٹ" مارشل موشر نے اپنے پیراموٹر کے ذریعے گیزا کے اہرام کے اوپر پرواز کرتے ہوئے اس کتے کو دیکھا۔
مارشل نے اس لمحے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی جو فوری وائرل بھی ہوگئی۔ ویڈیو پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
موشر نے اپنی وائرل ویڈیو کے بعد ایک اور کلپ شیئر کیا جو اہرام کے دامن میں بنائی گئی تھی۔ مارشل نے وضاحت کی کہ گیزا کے علاقے میں بہت سے آوارہ کتے ہیں جو اہرام پر چڑھتے اور اترتے رہتے ہیں جب کہ انسانوں کو ایسا کرنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے سیاحوں کو ان قدیم اہرام پر چڑھنے کی اجازت تھی لیکن اب مصر میں اس پر پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔