اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں) پاک روس دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، روسی وزیر خارجہ کا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کی سائیڈ لائنز پر روس کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں آنے والی دورے کے معاملات طے پائے، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروو کا آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم کے بعد روسی وزیرخارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، روسی وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلی سطح وفد بھی پاکستان پہنچے گا، سٹیل ملز اور آئل ریفائنری، پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن سمیت توانائی کے منصوبوں پر بات چیت کا امکان ہے، پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے میں گیس سٹوریج فسیلیٹی کی قیام پر بھی بات چیت ہو گی۔سفارتی ذرائع کے مطابق سفارتی ذرائع دورے میں خصوصی طور پر نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور میں پاکستان کی شمولیت پر بھی بات چیت متوقع ہے، دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کی 5رکنی یورو ایشین اکنامک یونین میں شمولیت پر بھی اہم بات چیت ہو گی۔