• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترمیم کی منظوری آئینی اصلاحات کیلئے تمام جماعتوں کی لگن کی عکاس ہے: سینیٹر شیری رحمٰن

سینیٹر شیری رحمٰن ــــ فائل فوٹو
سینیٹر شیری رحمٰن ــــ فائل فوٹو

نائب صدر پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری آئینی اصلاحات کے لیے تمام جماعتوں کی لگن کی عکاسی کرتی ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم دونوں ایوانوں سے منظور ہونے پر تمام اتحادی جماعتوں اور شراکت داروں کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ بلاول، مولانا فضل الرحمٰن، شہبازشریف اور تمام افراد کا شکریہ جن کی بدولت یہ سنگِ میل حاصل ہوا۔

نائب صدر پیپلز پارٹی نے 26 ویں آئینی ترمیم میں اپنے پارٹی چیئرمین کے مثبت اور کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے عمل میں بلاول بھٹو زرداری کی مثالی قیادت پر پوری پارٹی کو فخر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم میثاقِ جمہوریت میں عدالتی اصلاحات کا وعدہ پورا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے یہ تصّور پیش کیا تھا، خوشی ہوئی کہ اجتماعی حکمت اور دانائی 26 ویں آئینی ترمیمی بل کی حمایت میں اکٹھی ہوئی، اکثریت نے ایوان میں 22 کلیدی شقوں کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ نئی قانون سازی ہمارے عدل کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، نئی قانون سازی مساوات اور نمائندگی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم جو تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا باعث بنے گی، یہ اصلاحات ہماری قوم کے بہتر مستقبل کو تشکیل دیں گی اور ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کریں گی۔

قومی خبریں سے مزید