• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی ناروے کا عمران خان کی رہائی اور آئینی ترامیم کے خلاف مظاہرہ

اوسلو(ناصراکبر)تحریک انصاف ناروے کے زیر اہتمام عمران خان کی رہائی اور 26ویں آئینی ترامیم کے خلاف سفارت خانہ پاکستان کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ خراب موسم اور بارش کے باوجود مرد وخواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔احتجاجی مظاہرے میں ڈاکٹر شہباز گل، پی ٹی آئی ناروے کے صدر حاجی افضال، ناروے میں پی ٹی آئی کی بنیاد رکھنے والےسینئرعہدیدارعمران بشیر خان، محمد یاسین اور ناصر گوندل نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہا کہ عمران خان آئینی ترامیم کا کسی صورت حصہ نہیں ، ان کا مقصد یہ ہے کہ کسی طرح سے بھی پی ٹی آئی کو اس میں شامل کریں اور پھر کہیں کہ سب پارٹیوں نے ان ترمیم کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا وہ لوگ جو سوچ رہے ہیں کہ ان کی مرضی کے بغیر ایک پتہ نہیں ہلتا آپ سوچئے وہ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، ایک شخص جو جیل میں بیٹھا ہے جس کے ساتھ سوائے اللہ کے اور عوام کی مدد کےاور کچھ نہیں ہے اس نے جیل سے ان کی زندگی مشکل بنائی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے مجھے کہا کہ اگر مجھے سو سال بھی جیل میں رہنا پڑا میں رہوں گا میں ڈیل نہیں کروں گا اور آپ کو شرمندہ نہیں کروں گا۔ ڈاکٹر شہباز گل نےمثال دیتے ہوئے کہا کہ بہت سارے اوورسیز بھی ہمارے پارٹی کے اندر ٹھیکے دار بنے ہوئے ہیں اور برا وقت آنے پر سارے بھاگ جاتے ہیں لیکن جو رہ گئے ہیں وہ وفادار ہیں ،پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی بھی یاد ہے عمران خان نے جیل جانے سے پہلے مجھے ایک پیغام بھیجا کہ ایک کام ضرور کرنا کہ لسٹ بنائی جائے کہ اس مشکل وقت میں پوری دنیا میں کون کون سا شخص پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا رہا جو ہماری لیڈرشپ میں ہے کیونکہ ہمارے ساتھ تو لامحدود لوگ تھے اور کچھ لوگ ہوتے ہیں جو جس کی حکومت آتی ہے اس کے ساتھ چلے جاتے ہیں تو اللہ نہ کرے کہ ہمیں ایسے لوگ ملیں، ہمیں ایسے لوگ چاہئیں جو نظریئے کے ساتھ ہوں اقتدار کیلئے ساتھ نہ ہوں۔ شہباز گل نے کہا کہ آپ کے پی، پنجاب اور پاکستان کا حال دیکھ لیں ،کاروبار دیکھ لیں ،پاکستان میں تبدیلی آنے والی ہے، بہت جلد آنے والی ہے، آپ سب ڈٹے رہیں۔ تحریک انصاف ناروے کے صدر حاجی افضال نے کہا کہ عمران خان کواوورسیز پاکستانیوں سے بڑی امیدیں ہیں اور ہم اس وقت تک یہ جدوجہد کرتے رہیں گے جب تک پاکستان میں حقیقی آزادی کا سورج طلوع نہیں ہوتا، حاجی افضال نے کہا ایکسٹینشن مافیا نے اپنے ذاتی ایکسٹینشن اور مفادات کی خاطر جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کو مکمل تباہ کر دیا ہے، اس وقت ملک کے تمام اداروں کو غلام بنا لیا گیا ہے اور صرف سپریم کورٹ آخری ادارہ بچا ہے جس پر ایکسٹینشن مافیا اور فارم47کی جعلی حکومت پوری قوت سے حملہ آور ہے۔

یورپ سے سے مزید