• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی ٹیم 267 رنز پر آؤٹ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

انگلش ٹیم  کی جانب سے جیمی اسمتھ نے 89، بین ڈکٹ نے 52 اور گس ایٹکنسن نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی تمام وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے حاصل کیں، ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 56 رنز پر گری جب زیک کرالی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں نعمان علی نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی دوسری وکٹ 70 رنز پر گری، اولی پوپ کو 3 رنز پر ساجد خان نے آؤٹ کیا جبکہ مہمان ٹیم کی تیسری وکٹ 80 رنز پر گری، جب جو روٹ 5 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار ہوئے۔

انگلینڈ کی چوتھی اور پانچویں وکٹ 98 رنز پر گریں، جب بین ڈکٹ 52 اور ہیری بروک 5 رنز بنا پویلین لوٹ گئے۔

مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ 118 رنز پر گری جب کپتان بین اسٹوکس 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے آنے والے کھلاڑی گس ایٹکنسن نے جیمی اسمتھ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 225 رنز پہنچایا جس کے بعد وہ بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری طرف جیمی اسمتھ اسکور بناتے رہے اور ٹیم کا اسکور 243 رنز پر پہنچا تو وہ بھی زاہد محمود کی گیند پر 89 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے خلاف انگلینڈ نویں وکٹ 258 رنز اور آخری وکٹ 267 رنز پر گری، بالترتیب ریحان احمد 9 اور جیک لیچ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں آج انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس کبھی پلان کے مطابق ہو جاتا ہے، کبھی نہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے.

شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہماری تیاری ہے اور اس کے مطابق کھیلیں گے، انگلینڈ کے خلاف کھیلنا اچھا تجربہ ہے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، کپتان شان مسعود، کامران غلام اور سعود شکیل پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

انگلش ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے 2 تبدیلیاں کی ہیں۔

زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پاپ، جو روٹ، ہیری بروک، کپتان بین اسٹوکس اور جمی اسمتھ پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

فاسٹ بولر گس ایٹکنسن کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر بطور اسپیشلسٹ اسپنرز ٹیم میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان میں سیریز کا کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ کے نام رہا تھا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان نے جیتا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید