• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کا محکمہ کسٹمز کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی ، حاجی عبدالباقی ،حا جی ظاہر شاہ یوسفزئی، سہیل خان کاکڑ، روزی خان مندوخیل سمیت دیگر رہنماؤں نے چیف کلکٹر کسٹمز اور دیگر حکام کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ این ایل سی اور دیگر مقامات پر امپورٹ کے سامان سے لوڈ کھڑی سینکڑوں گاڑیوں کو ریلیز نہ کیا گیا تو ہم کسٹم ہاؤس سمیت بلوچستان کی قومی شاہراہوں کو بلاک کرکے احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی کیونکہ گاڑیوں کو ریلیز نہ کرنے کی وجہ سے گاڑیوں کے ڈرائیور اور کلینرز سمیت مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹرانسپورٹروں کے بڑے ٹرک ، کنٹینر اور ٹینکر جوکہ امپورٹ کا سامان لیکر این ایل سی اور دیگر علاقوں میں مقامات پر کسٹم حکام کی جانب سے انہیں ریلیز نہ کرنے کی وجہ سے کھڑے ہیں اور ان سینکڑوں گاڑیوں کے ڈرائیور، کلینر اور مالکان شدید مشکلات سے دو چار ہیں ہم نے متعدد بار اعلیٰ حکام اور چیف کلکٹر کسٹم سمیت دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کرکے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی گزشتہ روز بھی ہم نے چیف کلکٹر کسٹم اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرکے انہیں صورتحال اور حالات سے آگاہ کیا لیکن تا حال کوئی شنوائی نہیں ہوئی کیونکہ گاڑیاں بند ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے اگر گاڑیوں کو ریلیز نہیں کرنا تو ہماری گاڑیوں سے سامان اتار کر گاڑیاں خالی کرکے ہمارے حوالے کریں تاکہ ہم اپنے روزگار کے سرکل کو بحال رکھ سکیں ایک ہفتے کے اندر اندر گاڑیوں کو ریلیز یا خالی کرکے ہمارے حوالے نہ کیا گیا تو ہم کسٹم ہاؤس کے سامنے اور بلوچستان کی قومی اور بین الصوبائی شاہراہوں کو بلاک کرکے شدید احتجاج کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید