کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ شمالی بلوچستان کے صدر حافظ محمد امجد اسلام نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جنگی جنون کا شکار ہے ، فلسطین ، لبنان کے بعد ایران پر حملہ دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے ، صیہونی ریاست گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر گامزن اور صیہونی جنگ بندی نہیں چاہتے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ امن کے قیام میں ناکام ہوچکا ہے ، مسلم ممالک متحد ہوکر ہی جارحیت روک سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے کو مزید کشیدگی اور افراتفری کی طرف دھکیل دے رہا ہے ، عالم اسلام آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کرکے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے ، اسرائیل کی مسلسل جارحیت اورعوام کے حقوق کی پامالی کے تباہ کن نتائج ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہادتوں سے امت مسلمہ کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ، شہادتوں سے انقلاب کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔