• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرینوں اور بسوں میں بچوں کے جنسی استحصال کو روکنے کی مہم

لندن (پی اے) مختلف ایجنسیوں پر مشتمل ایک گروپ اسیکس سیف گارڈنگ چلڈرن بورڈ (ESCB) نے ٹرینوں اوربسوں میں بچوں کی جنسی استحصال کو روکنے کی مہم شروع کی ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ بے سہارا بچوں کے استحصال کیلئے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو استعمال کیا جاتا ہے۔ گروپ نے اس حوالے سے لوگوں کو آگہی فراہم کرنے کیلئے ایک مہم شروع کی ہے، جس کا نام آپریشن ہنڈرسن رکھا گیا ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ ملزمان بچوں کا جنسی یا مجرمانہ طورپر استحصال کرنے کیلئے ان کو ایک جگہ دوسری جگہ لے جانے یا پہنچانے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ بسیں اور ٹرین استعمال کرتے ہیں۔ بورڈ کے ارکان اور ان کی معاونت کرنے والے پارٹنرز اب اس حوالے سے مسافروں، دکانداروں اور نوجوانوں سے بات کررہے ہیں تاکہ بچوں کے استحصال کیلئے استعمال کئے جانے والے اسٹیشنز کی نشاندہی کی جاسکے۔ چیرٹی ریلوے چلڈرن کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک عشرے کے دوران لوگوں نے دیکھا اور محسوس کیا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ بچوں کے استحصال اور منشیات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے ریل نیٹ ورک استعمال کررہے ہیں، سال میں 2 مرتبہ چلائی جانے والی اس مہم میں معاونت کرنے والوں میں اسیکس پولیس شامل ہے، اس سے پہلے 25 جولائی کو یہ مہم چلائی گئی تھی۔ ESCB کے صدر کا کہنا ہے کہ بچوں کا استحصال ایک خوفناک جرم ہے، بچوں پر جس کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کمسن نوجوان پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے خاص طورپر استحصال کا شکار ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پورے اسیکس میں اس حوالے سے آگہی پھیلانے کیلئے تواتر کے ساتھ آپریشن ہنڈرسن کی مہم چلا رہا ہوں، جس میں بتایا جاتا ہے کہ استحصال کا پتہ کس طرح چلایا جائے اور اس کی شکایت یا اطلاع کہاں دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کے استحصال کا سلسلہ روکنے کیلئے ہر ایک کو اپنی جگہ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یورپ سے سے مزید