کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ دوسرے روز ہی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا جس میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوچکی ہے، میچ ہوم سائیڈ کے ہاتھ میں آچکا ہے ۔ اسپنرزساجد خان اور نعمان علی دو دھاری تلوار ثابت ہورہے ہیں، انہوں نے وکٹیں لینے کے ساتھ نچلے نمبرز پر عمدہ بیٹنگ کی ذمہ داری بھی سنبھال لی، نائب کپتان سعود شکیل کے ساتھ ان کی شراکتوں نےہوم سائیڈ کو بحران سے نکال کر344رنز تک پہنچادیا۔177رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور خدشہ تھا کہ وہ پہلی اننگز میں خسارے سے دوچار ہو جائے گی لیکن سعود شکیل نے ساجد اور نعمان کے ہمراہ شاندار بیٹنگ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ تاہم اس کا زیادہ تر سہرانائب کپتان سعود شکیل کے سر جاتا ہے جنہوں نے مشکل حالات میں ذمے دارانہ اننگز کھیل کر نہ صرف سنچری بنائی بلکہ پہلی اننگز میں مہمان ٹیم کے خلاف77رنز کی برتری میں بھی اہم کردار ادا کیا، نعمان علی نے46اورساجد خان نےناقابل شکست48 رنز اسکور کیے۔ دوسرے دن جمعے کو کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں3وکٹوں کے نقصان پر24رنز بنا ئے تھے، اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید53رنز کی ضرورت ہے۔ انگلش ٹیم دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار ہے، قومی ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی اننگز تین وکٹوں کے نقصان پر73رنز سے شروع کی۔ کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل نے 16،16رنز پر دوسرے دن کےکھیل کا آغاز کیا۔ سعود شکیل نے اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی سنچری اسکور کی، انہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 14، صائم ایوب 19، کپتان شان مسعود 26، کامران غلام 3، محمد رضوان 25، سلمان علی آغا ایک ، عامر جمال 14 اور نعمان علی 46 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی نویں وکٹ سعود شکیل کی گری جو 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد زاہد محمود صفر پر پویلین لوٹ گئے اور یوں پوری ٹیم 344 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ساجد خان48رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے چار جبکہ شعیب بشیر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر24رنز بنائے۔ جو روٹ 5 اور ہیری بروک ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اوپنر زیک کرالی دو رنز بنا کر نعمان علی کا نشانہ بنے، بین ڈکیٹ 12 رنز بنا کر ساجد خان کو وکٹ دے بیٹھے، اولی پوپ کو بھی ایک رن پر نعمان علی نے چلتا کیا۔ نعمان علی نے2اور ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔