اسٹاک ہوم (کاشف عزیز بھٹہ) سویڈن اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی اس تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں سویڈن کی وزارت خارجہ کے حکام ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل ڈیپارٹمنٹ کےسربراہ ڈیگ جوہلن ڈینفیلٹ سویڈن کی وزارت خارجہ میں ایشیا، بحرالکاہل اور لاطینی امریکہ کے سربراہ نکلاس کوورنسٹروم، سٹاک ہوم کی کمیون سولنا کی پاکستانی نژاد مئیر سارہ ککا سلام سمیت کاروباری برادری کے نمائندوں، سویڈن میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز تارکین وطن اور سویڈش دوستوں نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت ہیڈ آف چانسری سیدہ وردہ بی بی نے احسن طریقہ سے سرانجام دیئے۔ سفیر پاکستان بلال حئی اور اور ان کی اہلیہ نے پاکستان ہاؤس آمد پر تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ بلال حئی نے 75ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور اہمیت پر روشنی ڈالی انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی سفارت کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو ہم آگے بڑھانا چاہتے ہیں 40 ہزار سے زائد پاکستانی سویڈن میں قیام پذیر ہیں اور یہاں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں سفیر پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ میں سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں انکا کردار بہت شاندار ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ سویڈن اور پاکستان کے درمیان تعلقات مستقبل کے حوالے سے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز، جیسے پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی، نیز جمہوریت اور انسانی حقوق جیسی بنیادی اقدار سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان باہمی خیرسگالی اور اعتماد پر مبنی قریبی اورکثیرجہتی تعلقات ہیں۔معیشت، توانائی ،تعلیم اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون ان تعلقات کا عکاس ہے انہوں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے سویڈن کے دورہ کا بھی خصوصی ذکر کیا۔ سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں شرکا کی توجہ اسلام فوبیا اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی طرف بھی دلائی انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں جموں و کشمیر کے مسئلہ کا پرامن جمہوری حل فراہم کرتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے قانونی حق کے حصول تک یہ حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈیگ جوہلن-ڈینفیلٹ نے خطاب میں سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی وتجارتی تعاون کے میسر مواقعوں اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم رکھنے کی امید اور عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز خصوصاً متحرک پاکستان نژاد سویڈش ڈائیسپورا کا باہمی تعلقات اور باہمی ترقی میں ادا کیے گئے کردار اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سویڈن اور پاکستان کے باہمی مفاد کے لیے تعلقات فروغ پاتے رہیں گے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنے دورہ پاکستان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات اور سویڈن پاکستان بزنس کونسل کی کارکردگی پر بات کی اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ممتاز پاکستانی نژاد سویڈش کاروباری شخصیت سید بابر علی جنہوں نے پاکستان میں سویڈن کی مصنوعات کو متعارف کرواتے ہوئے ٹیٹرا پاک کی بنیاد رکھی اور پاکستان میں عرصہ دراز سے مقیم رہتے ہوئے پاکستان کی خدمت کرنے والی سماجی کارکن صدارتی ایوارڈ یافتہ سسٹر وینی نے آن لائن ویڈیو پیغامات بھی دیے اور سویڈن اور پاکستان میں رہتے ہوئے اپنے تجربات بیان کیے اس کے علاوہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کی ویڈیو بھی دکھائی گئی تقریب میں سویڈن میں پیدا ہونے والے، پاکستانی نژاد اوپیرا گلوکار ونسنٹ ہاشمی نے پرفارمنس پیش کی۔ تقریب کے احتتام میں سفیر پاکستان اور سویڈش مہمانوں نے پاکستان اور سویڈن کے سفارتی تعلقات کے 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا جبکہ مہمانوان کی تواضع پاکستانی روائتی کھانوں سے کی گئی۔