• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی انتخابات: پاکستان نژاد سلیمان لالانی اور سلمان بھوجانی امیدوار

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ میں5نومبر کو صدارتی اور کانگریس کے ساتھ ساتھ ریاستوں کی اسمبلیوں کے بھی الیکشن ہورہے ہیں جن میں کئی پاکستانی حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیکساس وہ واحد ریاست ہے جہاں دو پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ امیدوار اپنی نشستوں کا دفاع کررہے ہیں۔ڈاکٹر سلیمان لالانی اور سلمان بھوجانی کا آبائی تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے اور دونوں طویل عرصے سے ہیوسٹن میں آباد ہیں اور جنوری 2023سے ٹیکساس کی اسمبلی کے رکن ہیں۔پیشے کے اعتبار سے میڈیکل ڈاکٹر سلیمان لالانی ریاست ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ یعنی حلقہ نمبر 76کی نمائندگی کررہے ہیں اور اس بار ڈاکٹر لالانی کا مقابلہ ری پبلکن حریف لیا سیمنز سے ہے جو کمیونٹی سروسز سے وابستہ ہیں۔ 2022میں سلیمان لالانی نے ری پبلکن حریف ڈین میتھیوز کو شکست دی تھی۔ اس الیکشن میں ڈاکٹر لالانی کو 28ہزار 312جب کہ ڈین میتھیوز کو 21ہزار 131ووٹ ملے تھے۔سلیمان لالانی الیکشن جیت کر نیچرل ریسورسز کمیٹی، ہاوس ہائیر ایجوکیشن کمیٹی اور ریزولیوشن کیلینڈرز کمیٹی کے رکن بنے۔انہوں نے کئی اہم بل بھی ریاستی اسمبلی سے منظور کرائے جن میں سے ایک میں امریکی کانگریس اور صدر سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ اسرائیل فلسطین تنازع ختم کرایا جائے۔انہی کی کوششوں سے ریاستی سطح پر دیوالی کا تہوار تسلیم کیا گیا اور مختلف مذاہب کے ماننے والے طالب علموں کو یہ سہولت ملی کہ وہ اپنے تہوار کے موقع پر چھٹی کرکے امتحان کسی اور دن دے سکیں۔تعلیم اور صحت سے متعلق بہتر سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق بھی کئی اہم بل ڈاکٹر سلیمان لالانی ہی کی بدولت پیش اور منظور کیے گئے۔آرٹیفیشل ایڈوائزری کونسل کا قیام بھی انہی کی کوششوں کا نتیجہ تھا۔سلمان بھوجانی ریاست ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 92کے نمائندگی کررہے ہیں۔وہ یونیورسٹی آف ٹیکساس، ڈیلاس کے گریجویٹ ہیں اور انہوں نے سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔ بھوجانی اٹارنی اور سٹی کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔پچھلے الیکشن میں سلمان بھوجانی نے 20 ہزار 182 اور ان کے ری پبلکن حریف جو لیونگسٹن نے 14ہزار 610ووٹ حاصل کیے تھے۔سلمان بھوجانی نے جن امور پر قانون ساز کرائی ان میں سے ایک بل میں ریاست کے ری پبلکن گورنر گریگ ایبٹ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے تمام تر وسائل اختیار کیے جائیں۔صحت کی سہولتوں میں اضافے اور ریٹیل چوری سے متعلق کئی دیگر امور پر بھی قانون سازی ان کی بدولت ممکن ہوئی۔اس نمائندے کو انٹرویو میں ڈاکٹر سلیمان لالانی نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستانی سیاست کو ایک طرف رکھ کر امریکی سیاست میں بھرپور حصہ لے تاکہ اپنی قسمت کے فیصلے خود کرے۔
یورپ سے سے مزید