کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کوئٹہ و ایڈمنسٹریٹر حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو 90 کروڑ روپے میں کوئٹہ سے کچہرہ اٹھانے کا ٹاسک دیا گیا ہے،کوئٹہ شہر کے تمام وارڈز میں ڈیری فارمز پر مکمل پابندی عائد کرکے ڈیری فارمز کو شفٹ کررہے ہیں ،چیمبر آف کامرس کو درخت لگانے کے لئے 100 ایکڑ زمین دیں گے۔یہ بات انہوں نے چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برداری کے مسائل ایک ہفتہ میں حل کریں گے، مجھے پانچ ماہ پہلے یہ عہدہ ملا اب تک بہت سارے کام کیے ہیں، 14 اگست کے بعد صفائی مہم کا آغا ز کردیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ا یک سروے کے مطابق کوئٹہ شہر میں روزانہ 1600 ٹن کچہرہ جمع ہوتا ہے اور صرف 4 سو ٹن اٹھایا جاتا ہے ، شہر میں اب بھی 30 لاکھ ٹن کچرہ پڑا ہوا ہے ، وسائل کی کمی کی وجہ سے کچرہ اٹھانے میں دشواری کا سامنا ہے۔قبل ازیں چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر حاجی اختر نے کمشنر کوئٹہ کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ زلزلہ زون پر قائم ہے ، بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد کیا جائے ، سلاٹر ہاوس کوئٹہ میں موجود لیکن غیر فعال ہیں اسے فعال کیا جائے ۔ ایکسپو سینٹر کے قیام کی منظوری ہونے کے باوجود تاحال بلوچستان اس سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ نالیاں بند ہونے کی وجہ سے سیورج کا پانی سڑک پر بہتا ہے ، شہر میں ٹریفک کا مسئلہ ابتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کے حوالے سے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو مکمل سپورٹ کریں گے ۔