• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی جیت پر رمیز کا طنز، پی سی بی ناراض، براڈ کاسٹرز کو مطلع کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان شان مسعود سے متعلق سابق چیئرمین اور سابق کپتان رمیز راجا کے طنزیہ ریمارکس پر ناراض ہے ۔ حکام نے اپنے تحفظات سے براڈ کاسٹرز کو آگاہ کردیا ہے۔ امکان ہے کہ مستقبل میں انہیں پاکستان میں ہونے والے انٹر نیشنل میچوں کی کمنٹری ٹیم میں شامل نہ کیا جائے۔ پنڈی ٹیسٹ میں 9وکٹ کی فتح اور ساڑھے تین سال بعد ہوم سیریز جیتنے کے بعد رمیز راجا نے فاتح کپتان شان مسعود سے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ مسلسل 6 ٹیسٹ ہارنے کے منفی ریکارڈ کے بعد یہ آپ نے اتنی غیر معمولی کارکردگی کیسے دکھائی؟ پاکستان کو اب فاسٹ بولنگ کنڈیشن میں کھیلنا ہے، کیا یہ وقتی جیت ہے؟ تاہم شان مسعود نے اطمینان سے جواب دیتے ہوئے کہا، ہمیں اس جیت کی ضرورت تھی اور میں خوش ہوں ۔ کرکٹ شائقین نے بھی رمیز راجا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر راشد خان نے کہا کہ بورڈ ایسے کرکٹرز کو اہمیت کیوں دیتا ہے جو پاکستان کی عزت کا خیال نہیں رکھتے۔ شان مسعود شریف کپتان تھا جس نے رمیز راجا کو جواب نہیں دیا ، انہیں شٹ اپ کال دینے کی ضرورت ہے۔

اسپورٹس سے مزید