ملتان (سٹاف رپورٹر )چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی کی ہدایت پر ضلع ملتان کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے تعلقات کبھی بھی دوستانہ نہیں ہوسکتے،مودی سرکار کان کھول کر سن لے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت ان دونوں کو ایک ہونے سے نہیں روک پائے گی۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ بھارت کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد آج بھی زندہ ہے۔ 27اکتوبر 1947 کا دن کشمیریوں کے لئے ایک سیاہ دن تھا، انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔