پشاور(جنگ نیوز)شادیوں کے سیزن اور سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی خیبر پختونخواہ ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے صوبے بھر کے شادی ہالوں اور ریسٹورانٹس میں مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کی خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ یہ مہم کیپرا کی ڈائریکٹر جنرل فوزیہ اقبال کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد اس کاروباری سیزن میں ان شعبوں میں ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق، کیپرا کے افسران پر مشتمل ٹیمیں پشاور سمیت صوبے بھر میں واقع شادی ہالوں اور ریسٹورانٹس کے دورے کر رہی ہیں، ان کا ریکارڈ چیک کر رہی ہیں اور انہیں سیلز ٹیکس آن سروسز کے حوالے سے معلومات فراہم کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، ریسٹورانٹس اور شادی ہالوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ وہ اپنی سیلز کے مطابق مکمل ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور بروقت گوشوارے جمع کریں۔