پشاور (خصوصی نامہ نگار) آل پارٹیز سٹوڈنٹس یونین نے پاکستان بھر میں طلباء یونین کی بحالی کے حوالے سے مرکز اسلامی پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کے علاوہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، اسلامی جمعیت طلبہ، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن، پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن اور دیگر طلباء تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ تقریب کا مقصد طلباء کی نمائندگی اور یونین کی بحالی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء یونین کی بحالی کے لیثے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ طلباء کو اپنی نمائندگی کا حق مل سکے اور ان کی آواز بھی علیمی اداروں میں سنی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء یونین پر پابندی سے ملکی سیاست پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں سیاست جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کنٹرول میں چلی گئی ہے۔ طلباء یونین کو حقیقی عوامی نمائندے پیدا کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر سیف نے کہا کہ طلباء کے حقوق کے تحفظ کے لئے یونین کی بحالی ضروری ہے۔ تعلیمی اداروں میں اجتماعات پر پابندی کو آئین کے آرٹیکل 17 اور آزادی اظہار رائے کے حق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ جلد تمام طلباء تنظیموں کے رہنماؤں کی محکمہ اعلیٰ تعلیم کے وزیر مینا خان آفریدی اور سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سے ملاقات کروائی جائے گی۔