اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔
دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی محمد بن عبدالعزیز الخلیفی ، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کاشاندار استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفود بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم قطر میوزیم میں "منظر آرٹ ایگزی بیشن ؛ 1940 سے اب تک پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر" کا بھی افتتاح کریں گے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قطر کے خصوصی دورے کے دوران اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے قطری قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال کا منتظر ہوں۔