کراچی(سید محمد عسکری) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گریڈ 20اور گریڈ 19کی چیرمین، کنٹرولر اور سکریٹری کی آسامیوں پر تحریری ٹیسٹ اتوار 03 نومبر اور 04نومبر کو ہوگا جو آئی بی اے کراچی لے گا سندھ کے 8تعلیمی بورڈز کے چیرمین کے عہدے کیلئے217امیدوار ٹیسٹ دیں گے کنٹرولر کے لیے 35امیدوار میدان میں ہیں سکریٹری کے عہدے کیلئے 27امیدوار ٹیسٹ دیں گے جب کہ گریڈ 17 کی آڈٹ آفیسر کی آسامی کیلئے 19امیدوار میدان میں ہیں۔ صوبائ وزیر بورڈز و جامعات محمد علی ملکانی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ جاری کردیئے گئے ہیں جب کہ امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ چیرمین تلاش کمیٹی ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں قائم کمیٹی ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویو لے اگر ٹیسٹ میں زیادہ امیدوار کامیاب ہوئے تو صرف ٹاپ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ سب سے پہلے چیرمین کے عہدے کے لیے انٹرویو ہوں گے پھر کنٹرولر کے اور پھر سکریٹری کے جب کہ آخر میں آڈٹ افسران کے انٹرویو ہوں گے۔ صوبائ وزیر نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر تمام تعلیمی بورڈز میں چیرمین، کنٹرولر، سکریٹری اور آڈٹ افسر کی تقرری کردی جائے گی ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ عدالت نے حکم امتناعی ختم کردیا ہے اور تمام بورڈز میں تمام عہدوں پر تقرریاں ہوں گی۔