• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس ظفر کی جسٹس جہانگیری کی جعلی ڈگری کی سماعت سے معذرت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ظفر احمد راجپوت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے معذرت کرلی جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے فریق نجی ٹی وی اینکر کے رہائشی پتے سے متعلق ترمیمی ٹائٹل جمع کروا دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اسلامیہ کالج کو بھی فریق بنا دیا گیا ہے۔ وکیل جامعہ کراچی نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے جامعہ کراچی کے جواب پر جواب الجواب جمع نہیں کرائے۔ کراچی یونیورسٹی درخواستوں پر تحریری جواب جمع کراچکی ہے۔ جسٹس ظفر راجپوت نے درخواستوں کی سماعت سے معذرت کرلی۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ میں جامعہ کراچی سنڈیکیٹ کا رکن ہوں، کیس نہیں سن سکتا۔ کل بھی مجھے کراچی یونیورسٹی میں اجلاس میں شرکت کے لیے جانا ہے۔ عدالت نے درخواستیں نئے بینچ کے روبرو مقرر کرنے کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھیج دیں۔ عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف سنڈیکیٹ کمیٹی کو کارروائی سے روک رکھا ہے۔ عدالت نے مزید ایکشن نہ لینے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔ عدالت نے درخواستوں کے مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔
اہم خبریں سے مزید