کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ضلع جنوبی کے تھانے پر چھاپہ مار کر تین شہری بازیاب کرالیے۔ اغوا کے بعد تین روز سے مغویان کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا تھا۔عدالتی ذرائع کے مطابق مبینہ واردات میں ایف آئی اے اور پولیس کے بھی بعض اہلکار ملوث ہیں۔آئینی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر کی سہ پہر ساڑھے چار بجے شہری مشتاق میرانی کو سٹی کورٹ کے باہر سے اغوا کیا گیا، مشتاق کے ہمراہ دیگر دو شہریوں محمد بشیر اور عارف کو بھی اغوا کیا گیا ، واردات ایف آئی اے کے افسر احمد خان نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ انجام دی، مغویوں کو شہر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر کے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا،ملزمان سرکاری اہلکار مغویوں کو من پسند بیانات ریکارڈ کروانے پر مجبور کر رہے تھے، ملزمان مغویوں سے بھاری تاوان وصولی اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے تھے، مغویوں کو آخر میں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ضلع جنوبی کے حوالات میں رکھا ہے۔مدعی کے وکیل جعفر عباس جعفری نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کارروائی کی، تینوں شہریوں کو ایکسائز اینڈ کنٹرول ضلع جنوبی کے حوالات سے بازیاب کروایا گیا۔