راولپنڈی ( نیو زرپورٹر) راولپنڈی نا ئب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ26ویں ترمیم سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک کو سیا سی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔قومی تر جیحات کے ایجنڈے پر مذاکرات کئے جائیں۔سیا سی قیادت ہوش کے ناخن لے اور بالغ نظری اور بصیرت کا مظاہرہ کرے۔انہوں نےان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ملک محمد اعظم سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں لیاقت بلوچ نے نو منتخب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی سے حلف بھی لیا۔لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک محمد اعظم کی جماعت اسلامی کےلیے گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔ ملک محمد اعظم نے کہا 1982 سے جماعت اسلامی کے نشر واشاعت کے شعبے سے وابستہ ہوں ، استقامت کے ساتھ ہر قسم کے سردوگرم حالات کا مقابلہ کیا ہے، سینئر صحافی نواز رضا ، سینئرصحافی رانا غلام قادر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔